LogoThursday, April, 2, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

سری لنکا کنونشن بیورو کاکراچی اور لاہور میں روڈ شوزکا اعلان

سری لنکا کنونشن بیورو کاکراچی اور لاہور میں روڈ شوزکا اعلان

Hanif

07-Dec-2025
|

خاص خبریں

سری لنکا کنونشن بیورو کاکراچی اور لاہور میں روڈ شوزکا اعلان

کراچی : سری لنکا کنونشن بیورو (SLCB) نے، سری لنکا کے قونصل خانہ کراچی اور سری لنکن ایئرلائنز کے اشتراک سے، پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کراچی اور لاہور میں دو شہروں پر مشتمل B2B روڈ شوز کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا روڈ شو 10 دسمبر 2025 کو کراچی کے میریٹ ہوٹل میں جبکہ دوسرا لاہور میں منعقد ہوگا۔ان روڈ شوز کا مقصد سری لنکا کی متنوع سیاحتی خصوصیات کو اجاگر کرنا ہے، جن میں خاص طور پر تفریحی، کاروباری اور MICE (میٹنگز، انسنٹیوز، کانفرنسز، ایگزیبیشنز) سیاحت کے مواقع شامل ہیں۔ ان شوزمیں پاکستان کے ٹور آپریٹرز، میڈیا نمائندگان، کارپوریٹ شعبے کے رہنما، تجارتی انجمنیں اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔سری لنکا کے 12 ممتاز ٹور آپریٹرز پر مشتمل وفد ان روڈ شوز میں شرکت کرے گا، جن میں B2B میٹنگز اور نیٹ ورکنگ سیشنز شامل ہیں۔ کراچی اور لاہور، دونوں مقامات پر پریس کانفرنسز بھی ہوں گی، جبکہ سری لنکا کے ثقافتی فنکاروں کی خصوصی پرفارمنس بھی پروگرام کا اہم حصہ ہوگی۔

قونصل جنرل، سری لنکا قونصل خانہ کراچی سنجیوا پٹیویلانے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ہمیشہ ایک اہم سیاحتی منڈی رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں۔ روڈ شوز کے ذریعے ہم ان رشتوں کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور پاکستان کے عوام کو سری لنکا کو سال بھر کے لیے ایک پسندیدہ تفریحی، کاروباری اور MICE منزل کے طور پر متعارف کرانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین، سری لنکا کنونشن بیورو دھیرا ہیتھیا راچی نے اپنے تاثرات کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا اپنی قربت، بہترین کنیکٹیویٹی اور لاگت میں کمی کے باعث سیاحت کے لیے ایک مثالی ملک ہے۔ یہ روڈ شوز نہ صرف سری لنکا کی صلاحیتوں کو اجاگر کریں گے بلکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کاروباری اور سیاحتی تعلقات کو بھی مزید گہرا کریں گے۔

منیجر پاکستان، سری لنکن ایئرلائنز رووان وجیکون کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن ہونے کے ناتے ہمیں خوشی ہے کہ ہم پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سفر کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ہم پاکستانی سیاحوں کے لیے خصوصی کرایوں کی پیشکش بھی کر رہے ہیں تاکہ وہ سری لنکا کی خوبصورتی، ساحلوں اور متنوع ثقافت سے لطف اندوز ہوسکیں۔ تفریحی اور ثقافتی سیاحت میں بڑھتی دلچسپی کے ساتھ ہم مزید پاکستانی مسافروں کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہیں۔

سری لنکا کنونشن بیورو (SLCB) سری لنکا میں MICE انڈسٹری کے فروغ کا سرکاری ادارہ ہے، جو عالمی سطح پر میٹنگ پلانرز، کارپوریشنز، اداروں اور ٹور ازم پروفیشنلز کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرتا ہے۔ جدید سہولیات، بین الاقوامی معیار کے مقامات اور آسان رسائی کی بدولت سری لنکا خطے میں کانفرنسوں اور کارپوریٹ تقریبات کے لیے تیزی سے ابھرتی ہوئی پسندیدہ منزل بن چکا ہے۔ پاکستان سال بھر SLCB کی توجہ کا مرکز رہتا ہے اور MICE سیاحت کے اہم ترین ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔

نمایاں خبریں