LogoWednesday, April, 8, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

سندھ حکومت کا جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑا اقدام، الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروائی جائے گی،شرجیل میمن

سندھ حکومت کا جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑا اقدام، الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروائی جائے گی،شرجیل میمن

ویب ڈیسک

01-Apr-2026
|

تازہ ترین

سندھ حکومت کا جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑا اقدام، الیکٹرک ٹیکسی متعارف کروائی جائے گی،شرجیل میمن

سندھ حکومت نے جدید ٹرانسپورٹ اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای وی (الیکٹرک وہیکل) ٹیکسی پروجیکٹ کے اہم معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس معاہدے پر سندھ بینک، سندھ ڈویلپمنٹ فنڈ (SDF) اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ساتھ دستخط کیے، جس کا مقصد صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔

معاہدے کے تحت سندھ میں ای وی ٹیکسی سروس متعارف کرائی جائے گی جس سے نہ صرف شہری ٹرانسپورٹ میں بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

شرجیل انعام میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے جا رہی ہے اور کوشش ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایسے منصوبے متعارف کروائے گئے جن سے دنیا کے کئی ممالک متاثر ہوئے، جن میں خواتین کے لیے پنک بس سروس شامل ہے جس میں خواتین کو تحفظ حاصل ہے، جبکہ ای وی بسز کا اجرا بھی دنیا بھر میں منفرد اقدام تھا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ تمام اقدامات صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا حصہ ہیں۔

ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سندھ حکومت نے نمایاں برتری حاصل کی ہے۔ پنک بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی خواتین ہیں جسے دنیا بھر میں سراہا گیا، جبکہ پاکستان میں پہلی بار ای وی بسز اور پنک ای وی اسکوٹیز متعارف کروائی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں آگے لانا ہے۔ پنک اسکوٹیز اسکیم کے آغاز پر صرف 150 خواتین کے پاس لائسنس تھا جبکہ اب 20 ہزار خواتین نے لائسنس کے لیے درخواست دی ہے۔ سندھ حکومت خواتین کو مفت ٹریننگ بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ آگے بڑھ سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنک ای وی ٹیکسی کا مقصد خواتین میں تحفظ کے احساس کو فروغ دینا ہے ۔ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ اس منصوبے کے تحت بھی روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ جب بھی گاڑیوں کی خریداری کی بات ہوتی ہے تو ترجیح ای وی گاڑیوں کو دی جاتی ہے، مختلف ممالک سے ای وی گاڑیاں پاکستان آ رہی ہیں اور لوگ بھی ان کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ای وی گاڑیوں کا مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کی خواہش ہے۔ صنعتکاروں کو اس سلسلے میں آگے آنا چاہیے۔

نمایاں خبریں