LogoTuesday, May, 26, 2026

News Point PK

سندھ اسمبلی : کراچی میں پانی بحران پر ایم کیو ایم کا شدید احتجاج، پانی دو کے نعروں سے ایوان گونج اٹھا

سندھ اسمبلی : کراچی میں پانی بحران پر ایم کیو ایم کا شدید احتجاج، پانی دو کے نعروں سے ایوان گونج اٹھا

ویب ڈیسک

25-May-2026
|

پاکستان

سندھ اسمبلی : کراچی میں پانی بحران پر ایم کیو ایم کا شدید احتجاج، پانی دو کے نعروں سے ایوان گونج اٹھا

کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے نے سندھ اسمبلی کا ماحول بھی گرما دیا جہاں ایم کیو ایم اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان میں نعرے بازی کی، جس کے باعث اجلاس کا ماحول کشیدہ ہوگیا اور ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کی زیر صدارت شروع ہوا تو ایم کیو ایم کے اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور ’’کراچی کو پانی دو‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے پانی بحران پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اراکین کو یقین دلایا کہ سوالات و جوابات مکمل ہونے کے بعد اس اہم مسئلے پر بات ہوگی، تاہم احتجاج نہ رکا۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر ڈپٹی اسپیکر نے ایوان کا معمول کا بزنس معطل کرتے ہوئے نکتہ اعتراض پر بات کی اجازت دی، مگر شور شرابے کے دوران محکمہ فشریز اور لائیو اسٹاک سے متعلق کارروائی جاری رہی۔

وقفہ سوالات کے بعد اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور اگر ان کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی تو ایوان میں کوئی بات نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے حکومتی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اسمبلی ہے، جمعہ بازار نہیں‘‘۔

علی خورشیدی نے مزید کہا کہ کراچی اس وقت ’’کربلا کا منظر‘‘ پیش کر رہا ہے، گلشن اقبال، اورنگی اور دیگر علاقوں میں پانی ناپید ہوچکا ہے جبکہ شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔

دوسری جانب وزیر قانون ضیا لنجار نے اپوزیشن پر پانی کے مسئلے پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور کے فور منصوبے سمیت متعدد اسکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی چوری بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جبکہ حب کینال کے ذریعے فراہمی آب بہتر بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے بھی اپنے حلقے میں سیوریج لائن پھٹنے کے باعث علاقوں میں پانی کھڑے ہونے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے شکایت کی کہ واٹر بورڈ حکام عوامی نمائندوں سے رابطہ تک نہیں کر رہے۔

وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں کام جاری ہے اور جلد مسائل حل کرلیے جائیں۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp