ایک ارب 44 کروڑ روپے کا تنازع ، چیئرمین لیاری ٹاؤن سے استعفیٰ لے لیا

ویب ڈیسک
خاص خبریں

کراچی: ایک ارب 44 کروڑ روپے کے تنازع کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت نے لیاری ٹاؤن کے چیئرمین ناصر کریم بلوچ سے استعفا لے لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پارٹی کی ہدایت پر ٹاؤن وائس چیئرمین اقبال ہنگورو نے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا ہے۔ لیاری ٹاؤن کے ذرائع کے مطابق ناصر کریم بلوچ اور پارٹی کے دیگر ارکان ٹاؤن کونسل کے مابین بعض امور پر اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے اور ان ارکان کو میونسپل کمشنر حماد این ڈی خان کی مکمل حمایت بھی حاصل تھی۔
حماد این ڈی خان پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما این ڈی خان کے صاحبزادے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان ارکان نے چند ماہ قبل ناصر کریم بلوچ کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی جمع کرائی تھی جو پارٹی قیادت کی مداخلت کے باعث روک دی گئی تھی۔
اختلافات اس وقت مزید شدت اختیار کر گئے جب محکمہ سوئی گیس کی جانب سے لیاری ٹاؤن کو روڈ کٹنگ کی مد میں ایک ارب 44 کروڑ روپے کی رقم موصول ہوئی۔
پارٹی ارکان کا موقف تھا کہ یہ رقم لیاری کے ترقیاتی امور پر خرچ کی جائے، جبکہ ٹاؤن چیئرمین کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین لیاری کی ترقی کے لیے پیکیج کا اعلان کر چکے ہیں، لہٰذا وہ اس رقم کو فوری طور پر خرچ نہیں کر سکتے۔
لیاری ٹاؤن کے ارکان کونسل کا کہنا تھا کہ لیاری کی ترقی کے لیے چیئرمین نے کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی جس کی وجہ سے علاقے میں پارٹی کا گراف گرنے کا اندیشہ ہے۔
پارٹی قیادت نے ارکان کونسل کے اصرار پر ناصر کریم بلوچ کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی، جس پر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا اور چارج وائس چیئرمین اقبال ہنگورو کے حوالے کر دیا۔
نمایاں خبریں
سندھ کی قیادت کہاں کہاں عید منائے گی۔۔۔۔۔۔۔۔؟

پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، پیٹرول بچانے کیلئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے ، حکومت

عیدالفطر: وزیر اعلیٰ سندھ نے قیدیوں کو 90 دن کی معافی دیدی

کراچی میں بارش: ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملہ تیار ہے، مرتضیٰ وہاب

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کامران ٹیسوری کی والدہ کی عیادت کی
