LogoSaturday, May, 9, 2026

News Point PK

دعا اللہ کی ذات پر ایمان و اقرار کا ثبوت

 دعا اللہ کی ذات پر ایمان و اقرار کا ثبوت

جنید شیخ

10-Apr-2026
|

دین و دنیا

 دعا اللہ کی ذات پر ایمان و اقرار کا ثبوت

دعا ایک عظیم الشان عبادت ہے جس کی عظمت و فضیلت پر بکثرت آیات کریمہ اور احادیث طیبہ وارد ہیں دعا کی نہایت عظمت میں ایک حکمت یہ ہے کہ دعا اللہ پاک سے ہماری محبت کے اظہار، اس کی شان اُلوہیت کے حضور ہماری عبدیت کی علامت اس کے علم و قدرت و عطا پر ہمارے توکل و اعتماد کا مظہر اور اُس کی ذاتِ پاک پر ہمارے ایمان کا اقرار و ثبوت ہے۔

دعا کے لغوی معنی ہیں پکارنا اور بلانا، شریعت کی اصطلاح میں اللہ پاک کے حضور التجا اور درخواست کرنے کو دعا کہتے ہیں انسان کی فطرت میں ہے کہ وہ مشکلات اور پریشانیوں میں اللہ پاک کو پکارتا ہے، جیسا کہ اللہ پاک کا ارشاد ہے:جب انسان کوتکلیف پہنچتی ہے تواپنے رب کوپکارتا ہے اور دل سے اس کی طرف رجوع کرتا ہے۔ (سورة الزمر:آیت نمبر8)

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی نہ صرف اللہ پاک سے دعا کرنے کی ترغیب دی ہے بلکہ اس کے فضائل اور آداب بھی بیان فرمائے ہیں

چنانچہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ کے یہاں دعا سے زیادہ کوئی عمل عزیز نہیں ہے۔ (سنن ابن ماجہ )
یعنی انسانوں کے اعمال میں دُعا ہی کو اللہ تعالیٰ کی رحمت وعنایت کوکھینچنے کی سب سے زیادہ طاقت ہے۔

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:تم میں سے جس کے لیے دعا کا دروازہ کھل گیا اس کے لیے رحمت کے دروازے کھل گئے اور اللہ کو سب سے زیادہ محبوب یہ ہے کہ بندہ اس سے عافیت کی دعا کرے۔(ترمذی)

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تمہارے پروردگار میں بدرجہ غایت حیا اور کرم کی صفت ہےجب بندہ اس کے آگے مانگنے کے لیے ہاتھ پھیلاتا ہے تواس کوحیا آتی ہے کہ ان کوخالی ہاتھ واپس کردے۔(سنن ابی داؤد)
یعنی کچھ نہ کچھ عطا فرمانے کا فیصلہ ضرور فرماتا ہے۔

قرآن وحدیث سے جہاں دعا کی اہمیت وفضیلت اور پسندیدگی معلوم ہوتی ہے،وہیں احادیث میں دعا نہ کرنے پر اللہ پاک کی ناراضگی کی بھی وعید آئی ہے۔

چنانچہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جوبندہ اللہ پاک سے نہ مانگے اس پر اللہ پاک ناراض ہوتا ہے۔ (ترمذی)


دنیا میں ایسا کوئی نہیں ہے جو سوال نہ کرنے سے ناراض ہوتا ہو حتی کہ والدین بھی اولاد کے ہروقت مانگنے اور سوال کرنے سے چڑھ جاتے ہیںمگر اللہ پاک اتنا مہربان ہے کہ جوبندہ اس سے نہ مانگے وہ اس سے ناراض ہوتا ہےکیوں کہ اللہ پاک سے دعا نہ کرنا تکبر کی علامت ہے اور مانگنے پر اسے پیار آتا ہے۔

دعا کے وقت دل کو اللہ پاک کی طرف حاضر اور متوجہ رکھناچاہیے کیوں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:بے شک اللہ پاک اس بندہ کی دُعا قبول نہیں کرتا جو صرف اوپری دل سے اور توجہ کے بغیر دُعا کرتا ہے ۔ (ترمذی)
غرضیکہ دعا کے وقت جس قدر ممکن ہو حضور قلب کی کوشش کرے اور خشوع وخضوع اور سکون قلب ورقت کے ساتھ اللہ پاک کی طرف متوجہ ہو۔

دعا قبول ہونے کی علامت یہ ہے کہ دعا مانگتے وقت اپنے گناہوں کویاد کرنا، اللہ کا خوف طاری ہونا، بے اختیار رونا آجانا، بدن کے روئیں کھڑے ہوجانا، اس کے بعد اطمینان قلب اور ایک قسم کی فرحت محسوس ہونا، بدن ہلکا معلوم ہونے لگنا، گویا کندھوں پر سے کسی نے بوجھ اُتار لیا ہو۔ جب ایسی حالت پیدا ہو تو اللہ کی طرف خشوع قلب کے ساتھ متوجہ ہوکر، اس کی خوب حمد وثنا اور درودکے بعد اپنے لیے، اپنے والدین، رشتہ داروں، اساتذہ اور مسلمانوں کے لیے گڑگڑا کر دُعا کریں انشاء اللہ اس کیفیت کے ساتھ کی جانے والی دعا ضرور قبول ہوگی۔

دعا کی قبولیت میں جلدی نہیں کرنی چاہیے کیوں کہ دعا کی قبولیت کا وقت معین ہے اور ناامید بھی نہیں ہونا چاہیےاور یوں نہیں کہنا چاہیے کہ میں نے دعا کی تھی مگر قبول نہ ہوئی اللہ پاککے فضل سے ناامید ہونا مسلمان کا شیوہ نہیں۔ دعا کی قبولیت میں اللہ پاک کبھی کبھی مطلوب سے بہتر کوئی دوسری شئے انسان کو عطا فرماتا ہے یا کوئی آنے والی مصیبت دور کردیتا ہے۔

خلاصہٴ کلام یہ ہے کہ دعا مظہر عبدیت اور ایک اہم عبادت ہےدعا مضطرب قلوب کے لیے سامان سکون، گم راہوں کے لیے ذریعہٴ ہدایت، متقیوں کے لیے قرب الٰہی کا وسیلہ اور گناہ گاروں کے لیے اللہ کی بخشش ومغفرت کی بادِ بہار ہے۔ اس لیے ہمیں دعا میں ہرگز کاہلی وسستی نہیں کرنی چاہیے یہ بڑی محرومی کی بات ہے کہ ہم دشمنوں سے نجات اور طرح طرح کی مصیبتوں کے دور ہونے کے لیے بہت سی تدبیریں کرتے ہیں مگر وہ نہیں کرتے جوہرتدبیر سے آسان اور ہرتدبیر سے بڑھ کر مفید ہے (یعنی دعا) اس لیے ہمیں چاہیے کہ اس اہم اور مہتم بالشان عبادت کے ارکان وشرائط وواجبات ومستحبات کے ساتھ اور منہیات ومکروہات سے بچتے ہوئے اپنے خالق ومالک کے سامنے وقتاً فوقتاً خوب دعائیں کریں۔

نمایاں خبریں

Still Running Your Business Manually ?

Automate. Scale. Grow with Webrix.

Custom Management Systems
Web & App Development
AI Automation Solutions
Chat on WhatsApp