LogoTuesday, February, 3, 2026

News Point – Latest Urdu News from Pakistan & World

سرگودھا اور گوادر میں ٹریفک حادثہ، 23 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

سرگودھا اور گوادر میں ٹریفک حادثہ، 23 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

ویب ڈیسک

17-Jan-2026 | تازہ ترین

سرگودھا اور گوادر میں ٹریفک حادثہ، 23 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

سرگودھا اور گوادر کے قریب دو مختلف ٹریفک حادثات میں 23 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقہ گلہ پور بنگلہ کے قریب شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ایک منی ٹرک خشک نہر میں جا گرا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر 7 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں دوران علاج مزید 7 افراد دم توڑ گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت ٹرک میں مجموعی طور پر 23 افراد سوار تھے جو اسلام آباد سے فیصل آباد کسی جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے لیکن شدید دھند کے باعث موٹروے بند ہونے کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور نے لوکل روٹ استعمال کیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں مصری خان، حلیمہ بی بی، یاسین، سونیا بی بی، پٹھانی بی بی، ہانیہ، ایمان فاطمہ، رانی بی بی ، حارث، وسیم، حورین، آمنہ، حرم فاطمہ اور ثقلین شامل ہیں، جبکہ حادثے میں حسنین، ثقلین، ظہیر، ممتاز، کاشف، ندیم، شمیم، نادیہ اور پروین زخمی ہوئے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع گوادر کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے علاقے ہڈ گوٹھ میں ایک تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

کوسٹل ہائی وے پولیس کے ایس پی اسلم بنگلزئی کے مطابق یہ حادثہ کراچی سے جیوانی کی جانب جانی والی العثمان نامی مسافر کوچ کے ساتھ پیش آیا۔ کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی جس سے مسافروں کو شدید نقصان پہنچا۔

حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اورماڑہ درمان جاہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ کوسٹل ہائی وے پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

نمایاں خبریں