ملک میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی سطح پر نئی گریڈنگ پالیسی کے نفاذ کے بعد سندھ کا پہلا نتیجہ جاری کردیا گیا، جس میں کراچی میں نویں جماعت جنرل گروپ کا کامیابی کا تناسب گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں کم رہا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میٹرک بورڈ کے تحت 2026ء کے نویں جماعت جنرل گروپ کے امتحانات میں 14 ہزار 277 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 185 طلبہ تمام مضامین میں کامیاب جبکہ 8 ہزار 981 طلبہ ناکام رہے۔ یوں کامیابی کا تناسب تقریباً 36 فیصد اور ناکامی کا تناسب 64 فیصد رہا۔
گزشتہ سال اسی گروپ کے امتحانات میں 14 ہزار 984 طلبہ شریک ہوئے تھے، جن میں 8 ہزار 149 کامیاب اور 6 ہزار 803 طلبہ ناکام ہوئے تھے، جبکہ کامیابی کا تناسب 54 فیصد سے زائد تھا۔
رپورٹ کے مطابق نئی گریڈنگ پالیسی کے تحت ہر مضمون میں کامیابی کیلئے کم از کم نمبر 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کردیئے گئے ہیں، جس کے باعث رواں سال نتائج میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔
نئی گریڈنگ پالیسی کا اطلاق رواں سال ملک بھر میں نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات سے کیا گیا ہے، جبکہ 2027ء میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں بھی یہ پالیسی نافذ ہوگی۔
کراچی میں نویں جماعت جنرل گروپ کا نتیجہ نئی پالیسی کے تحت سندھ میں جاری ہونے والا پہلا نتیجہ ہے، جبکہ سائنس گروپ سمیت سندھ کے دیگر تعلیمی بورڈز کے نتائج کا اجرا ابھی باقی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت امتحانات میں مسابقت مزید سخت ہوگئی ہے، تاہم نتائج کے تناسب میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق حتمی صورتحال دیگر تعلیمی بورڈز کے نتائج سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔








