ٹنڈو آدم: گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر 35 سالہ محنت کش نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔
رپورٹ کے مطابق ٹنڈو آدم کے بی سیکشن تھانے کی حدود حسن کالونی میں 35 سالہ محنت کش الطاف ولد اسحاق چوہان نے مبینہ طور پر گھریلو پریشانیوں کے باعث گلے میں پھندا ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ متوفی ایک ہوٹل پر کھانا پکانے کا کام کرتا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ علاقہ مکینوں اور ورثاء کے مطابق الطاف گزشتہ چند روز سے گھریلو پریشانیوں کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔



