ٹنڈو آدم: شہدادپور روڈ پر ڈاٹسن اور پھٹے رکشے کے درمیان آمنے سامنے زوردار تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے میں پھٹے رکشے پر سوار خیرپور ناتھن شاہ کے رہائشی اشرف ولد گل محمد کھوسو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ عبدالرحمان ولد گل محمد کھوسو، نظام ولد محمد نواز کھوسو، عابد سومرو، حاجی اسحاق ولد سائیں داد کھوسو اور ندیم ولد محمد حسین کھوسو شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں مزید علاج کے لیے حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار افراد خیرپور ناتھن شاہ کے رہائشی تھے اور شہدادپور سے پھٹا رکشہ خرید کر واپس جارہے تھے کہ شہدادپور روڈ پر سامنے سے آنے والی ڈاٹسن سے ان کا تصادم ہوگیا۔
حادثے کے بعد ڈاٹسن کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔



