سانگھڑ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا جیسے موروثی امراض سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے ایک روزہ آگاہی سیمینار اور ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا
سیمینار کا اہتمام سول سرجن ڈاکٹر آفتاب اعظم سریوال کی جانب سے کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرۃ العین مری، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر صادق سیال، اورنگزیب مری، انیس الرحمان، پیپلزپارٹی تعلقہ صدر اعجاز حسین زرداری، تعلقہ جنرل سیکریٹری عمر گل ہنگورجو، یاسر مری سمیت ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور طبی عملے نے شرکت کی

سیمینار کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے ڈاکٹر نثار احمد نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر صادق سیال نے تھیلیسیمیا کے مرض کی وجوہات، علامات، بروقت تشخیص، خون کی منتقلی اور علاج کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی
ہیموفیلیا ویلفیئر سوسائٹی کے ڈاکٹر راحیل نے ہیموفیلیا کے مرض، اس کی علامات، مریضوں کی دیکھ بھال، خون بہنے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ماہرین نے بتایا کہ ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا موروثی بیماریاں ہیں، جن کی بروقت تشخیص اور مناسب طبی نگہداشت سے مریضوں کی زندگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے
مقررین نے کہا کہ ان بیماریوں کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنا، بیماری کی بروقت تشخیص اور مناسب طبی مشاورت انتہائی ضروری ہے۔ خاص طور پر شادی سے قبل اسکریننگ اور خاندان میں موروثی بیماریوں کی موجودگی کی صورت میں احتیاطی اقدامات اختیار کرنا بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، سیمینار میں شرکاء نے ہیموفیلیا اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی
علاج کے حوالے سے آگاہی بڑھانے اور معاشرے میں موروثی بیماریوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تقریب کے اختتام پر مقررین نے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کیے جانے چاہئیں تاکہ عوام کو بیماریوں کی بروقت تشخیص، علاج اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کی جاسکیں



