جامشورو : لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو میں جدید، پیپر لیس اور کمپیوٹرائزڈ امتحانی نظام کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق نئے نظام کا مقصد طبی امتحانات میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی عمل کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ نتائج کی تیاری بھی کم وقت میں مکمل ہوسکے گی۔ جامشورو سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں قائم امتحانی مراکز کو مرکزی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کردیا گیا ہے۔

لمس میں او ایس پی ای (OSPE) اور کمپیوٹر بیسڈ امتحانات کے ذریعے طلبہ کی علمی و عملی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ امتحانی مواد اور طلبہ کے ڈیٹا کی حفاظت کیلئے محفوظ نیٹ ورک اور مخصوص کمپیوٹر ٹرمینلز استعمال کیے جارہے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل امتحانی نظام سے امتحانات کے انعقاد، نگرانی، ڈیٹا سیکیورٹی اور نتائج کی تیاری کا پورا عمل مزید منظم، شفاف اور مؤثر ہوگا۔








