ٹنڈوآدم : پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی صلاح الدین جونیجو نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی بات حرفِ آخر نہیں ہوتی اور جمہوریت کے استحکام، ملکی بقا اور عوامی مفاد کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت سے بات چیت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کی ہمیشہ گنجائش موجود رہتی ہے اور سیاسی اتحاد ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جونیجو ہاؤس، گوٹھ سنجر جونیجو میں عیادت کے لیے آنے والے حلقے کے عوام اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صلاح الدین جونیجو نے کہا کہ کشمیر انتخابات کے دوران وہ پرامن انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے کہ اچانک حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے ساتھی زخمی ہوئے، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی اور جمہوریت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست سمیت ہر شعبے میں غیر سنجیدہ عناصر موجود ہوتے ہیں، تاہم ایسے بیانات پر ردعمل دینا ضروری نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی پالیسی اور احکامات کو ہمیشہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔
صلاح الدین جونیجو نے عیادت کے لیے آنے والے عوام، صحافیوں اور اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی دعائیں ان کے لیے ڈھال ثابت ہوئیں اور انہی دعاؤں کی بدولت وہ کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔
اس موقع پر ٹنڈوآدم پریس کلب کے سابق صدور وسیم فاروقی اور شیراز سموں، موجودہ سیکریٹری عاشق حسین ساند، محمد آچر ساند، علی رضا ساند، حسنین علی ساند، حبیب اللہ ساند، وقار ساند سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکین موجود تھے۔



