وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت کابینہ کے پہلے اجلاس میں تعلیمی پیکیج 2026 کا جائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں وزراء وقار احمد نور، اظہر صادق اور عمیر نعیم شامل ہیں۔ کابینہ کو ٹیچر ریکروٹمنٹ پالیسی اور آسان کاروبار ایکٹ 2026 پر بھی بریفنگ دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرکے ان کا اعتماد بحال کرنا ہے، کابینہ اور بیوروکریسی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے تمام محکموں کو تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ قانون کے مطابق رولز میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیاں صرف اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر کی جائیں گی۔
انہوں نے شکایات پورٹل فعال ہونے تک وزیراعظم آفس میں شکایات ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر گورننس کیلئے رویے اور اندازِ کار میں تبدیلی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کا حق سلب نہیں ہونا چاہیے اور زمینوں سمیت دیگر عوامی معاملات فی الفور نمٹائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے وژن کے مطابق کام کرے گی۔








