سانگھڑ: شہدادپور کے قریب گاؤں غلام محمد لغاری میں رہائشی پلاٹ کے تنازع پر نظامانی اور لغاری برادری کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شاہنواز نظامانی جاں بحق جبکہ دونوں فریقین کے 8 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں نیاز علی، مزمل شاہد ولد عبدالغفار سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری ایس ایم ایس اسپتال شہدادپور پہنچ گئی اور اسپتال میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے۔
پولیس اہلکار شاہنواز نظامانی کے بھائی کی مدعیت میں 7 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی حق نواز کے مطابق مقدمے میں نامزد 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ 3 نامزد ملزمان زخمی ہونے کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس کے مطابق شاہنواز نظامانی پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا اور اتوار کی چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا، جہاں فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے مقتول کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔ ڈی ایس پی حق نواز کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔



