مظفرآباد : ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے، مسلم لیگ ن کے 31 ارکان کے علاوہ دست و بازو پارٹی کے ایک رکن نے بھی ان کے حق میں ووٹ دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایک رکن اجلاس سے غیر حاضر رہا۔
ڈاکٹر نجیب نقی اس سے قبل 2006ء سے 2011ء تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہ چکے ہیں، جبکہ 2016ء سے 2021ء تک مسلم لیگ ن کی حکومت میں بھی وزارت صحت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ان کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی، پلندری سے ہے۔
نو منتخب صدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پونچھ کے حالات ٹھیک نہیں، کوشش ہوگی کہ جلد حالات معمول پر لائے جائیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب آزاد کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے اور آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔








